سرگودھا: بس اور ٹرک تصادم میں جاں بحق 6 افراد کی نعشیں ورثاء کے حوالے‘ مزید 6 کی حالت نازک
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا جھنگ روڈ پر مسافر بس اور ٹرک کے درمیان المناک تصادم میں 6 افراد جاں بحق 21 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا سے ملتان جانیوالی مسافروں سے بھری بس مخالف سمیت سے آنیوالے ڈمپر ٹرک کے ساتھ تیز رفتاری کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن میں بس کنڈکٹر بھی شامل ہے ، حادثہ میں 21 افراد شدید زخمی ہو ئے جن میں چھ کی حالت نازک بتائی گئی، پولیس کے مطابق حادثہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی غلطی اور لاپرواہی سے پیش آیا، مرنے والوں میں بس کنڈیکٹر محمد عمران کے علاوہ عامر شہزاد، ہاشم ، محمد بخش، فیاض احمد، سجاد شامل ہیں، زخمیوں میں خضر حیات ، صغیر،آصف عدیل ، قیصر عباس، محمد علی ، ثقلین، مشتاق، محمد عمران وغیرہ شامل ہیں، حادثہ کا شکار بس اوورلوڈ تھی ، دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور حادثہ کے بعد فرار ہو گئے، مرنے والوںکی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی، تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کر دیا گیا اور حادثہ کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء صدر پولیس نے حادثہ کامقدمہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیخلاف درج کرلیا۔