چنیوٹ: ایک ہی خاندا ن کے 3 بچے دریائے چناب میں ڈوب کر جاں بحق
چنیوٹ + چناب نگر + سرگودھا (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) لوڈشیڈنگ اور گرمی سے ستائے ایک ہی خاندان کے 3 روزہ دار بچے نہاتے ہوئے دریائے چناب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دو نعشیں نکال لیں ایک نعش کی تلاش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہی خاندان کے تین روزہ دار بچے بارہ سالہ سیف اللہ ولد ملک ظہور، بارہ سالہ حبیب ولد ملک ذوالفقار سکنہ قمر ٹائون اور پندرہ سالہ عاقب ولد ملک آصف سکنہ محلہ عثمان آباد چنیوٹ روزے کی حالت میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر اپنے اہل خانہ کو بتائے بغیر براستہ بائی پاس کھوہ قاضیاں والا کے قریب دریائے چناب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاںبحق ہو گئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے حبیب اور سیف کی نعشیں نکال لیں جبکہ ابھی تک تیسرے بچے عاقب کی نعش کی تلاش جاری ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دو بچے دریا میں نہاتے ہوئے زندہ بچ گئے تھے بچے ایک ہی خاندان کے تایا ، ماموں اور پھوپھی کے آپس میں بیٹے تھے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہر بھر میں فضا سوگوار ہو گئی اور کہرام مچ گیا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق پھلروان کے علاقہ بستی حسین آباد کا 17 سالہ نوجوان تجمل حسین ولد اعجاز حسین گرمی کی شدت سے گھبرا کر موٹر وے پل نہر میں نہانے کے لئے گیا جہاں اسے پانی کی بے رحم موجوں نے نگل لیا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نعش کی تلاش شروع کر دی۔