جہانگیر ترین کے بیٹے کو شکست دینے والے سابق لیگی ایم این اے نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا
لودھراں+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) لودھراں سے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی اقبال شاہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقبال شاہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان عید کے بعد عمران خان سے ملاقات میں کریں گے۔ اقبال شاہ اور عامر اقبال شاہ ٹکٹ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) سے راستے جُدا کر رہے ہیں۔ عامر اقبال نے کہا ہے کہ الیکشن کس جماعت سے لڑنا ہے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اقبال شاہ نے 12 فروری کو ضمنی الیکشن میں جہانگیر ترین کے بیٹے کو شکست دی تھی۔ عامر اقبال شاہ 2013ءکے الیکشن میں پی پی 207 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے حلقہ پی پی 189 اوکاڑہ سے آئے ہوئے کارکنوں نے ٹکٹ کی تقسیم کیخلاف بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا، کارکنوں نے نعرے بازی کی کہ اَن پڑھ سرمایہ داروں کو نہیں پارٹی وفاداروں کو ووٹ دیں۔ ٹکٹ کے امیدوار ارشد سوہنا کو ٹکٹ نہ دئیے جانے پر انہوں نے کارکنوں کے ہمراہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کیا۔
اقبال شاہ/ شمولیت