• news

شمالی وزیرستان: افغانستان سے دہشت گردوں کا پاکستانی چوکیوں پر حملہ‘ 3 جوان شہید جوابی کارروائی میں پانچ ہلاک

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں افغانستان سے پاکستانی چوکیوں پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ دہشت گردوں نے حملہ شمالی وزیرستان کے بارڈرکے علاقہ شوال پر کیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں تین فوجی جوان شہید ہو گئے۔ شہداءمیں سرگودھا سے تعلق رکھنے والا حوالدار افتخار، شہید سپاہی آفتاب کا چترال اور سپاہی عثمان کا تعلق گجرات سے تھا۔ نگران وزیراعظم ناصر الملک نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت اور جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سرحد پار سے دہشت گردوں کے تازہ حملے کی کوشش کا یہ واقعہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ افغانستان کے تین روز بعد پیش آیا جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کی۔ جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ امور پر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس سے قبل بھی افغان سرزمین سے متعدد بار پاکستان پر حملے کئے جاتے رہے ہیں جن میں کئی فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، تاہم ہر بار پاک فوج نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں دشمن کو خاموش ہونے پر مجبور کیا۔ رواں سال اپریل میں سابق فاٹا کی کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں پر افغانستان سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے گزشتہ برس پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا تاکہ سرحد پار سے عسکریت پسندوں کو ملک میں داخل ہونے اور دہشت گرد کارروائیاں کرنے سے روکا جائے۔ جس کے بعد سرحد پار سے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان حدود سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر پہلے بھی حملے ہوئے جو ناکام بنا دیئے گئے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اپنے شہداءاور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے عید کے موقع پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔
دہشتگرد حملہ

ای پیپر-دی نیشن