• news

کلثوم نواز بدستور وینٹی لیٹر پر 24 گھنٹے اہم‘ عمران‘ زرداری‘ آرمی چیف کی صحت یابی کیلئے دعا

لندن (نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے حسن نواز کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی طبیعت اب بہتر ہے تاہم وہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہی رہیں گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے پر کلثوم نواز کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا اور ہم سب کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کو کوئی اندرونی بلیڈنگ نہیںہوئی ہے۔ ڈاکٹرز نے آئندہ 24 گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ کو اس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی، چیئرمین سینٹ سمیت اہم سیاسی شخصیات نے بیگم کلثوم کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری دعائیں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں، اللہ انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے۔ سابق صدر زرداری نے بھی بیگم کلثوم نواز کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ماضی میں جمہوریت کیلئے کلثوم نواز نے بھی بہت جدوجہد کی۔ ایاز اصدق، پرویز الٰہی، شجاعت حسین، چودھری نثار نے بھی کلثوم نواز کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے میاں نواز شریف کو پیغام دیا ہے۔ آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ لندن کے ہسپتال کے ڈاکٹر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھیپھڑوں میں خون جمنے کی وجہ سے بیگم کلثوم نواز کی حالت خراب ہوئی۔ کلثوم نواز کے دل نے جمعرات کے روز 10منٹ کیلئے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ کلثوم نواز کی حالت تشویشناک ہے۔ سلمان شہباز اور ان کی والدہ نے لندن کے ہسپتال میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔

کلثوم نواز

ای پیپر-دی نیشن