بھارتی مظالم کشمیریوں کے حقوق کیلئے اٹھنے والی آواز کو نہیں دبا سکتے : روشن خورشید
سانگلاہل (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بھروچا نے مقبوضہ کشمیر میں ممتاز صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے حق خودارادیت اور نہتے کشمیریوں کے حقوق کیلئے اٹھنے والی آوازوں کو کبھی خاموش نہیں کر سکتا اور نہ ہی ان حقوق کیلئے جاری پُرامن تحریک کو دبا سکتا ہے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم میں اضافہ کر رہا ہے ایسے ہی آزادی اور حق خودارادیت کی اس جدوجہد کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کا اعتراف خود بھارتی فوج کے سربراہ نے اپنے حالیہ ایک بیان میں کیا ہے اور اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے بے دریغ طاقت کا استعمال بھارت کے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ثابت ہو رہا ہے۔