عید پر اشیا خورد و نوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ‘ شہریوں کی جیبیں خالی
لاہور (کامرس رپورٹر + اپنے نامہ نگار سے) عید الفطر‘ ٹرو‘ مرو کے روز سرکاری سطح پر اشیاءخورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی اقدام نہ کئے جانے کے باعث گراں فروشوں نے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ پرچون سطح پر دکاندار سبزیاں اور پھل مقررہ نرخوں کی بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت کرتے رہے۔ علامہ اقبال ٹاﺅن، سمن آباد، اچھرہ، مزنگ، اندرون شہر، گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن سمیت دیگر علاقوں کے صارفین کے مطابق دکاندار وں نے انکو سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا 45روپے تک میں فروخت کیا جبکہ ایک کلو پیاز 38روپے، ٹماٹر 90 روپے، لہسن دیسی 110 روپے، لیموں دیسی 200 روپے،ادرک چائنہ 200 روپے، پالک 35 روپے،بینگن 35روپے، کھیرا 50روپے، کریلے 45 روپے، بند گوبھی 45 وپے، پھلیاں90 روپے، پھول گوبھی 65 روپے، سبز مرچ 90 روپے، شملہ مرچ 90 روپے، اروی 65 روپے، گھیا کدو 42 روپے، گھیا توری45 روپے ،مٹر 165روپے ، مولی 22 روپے، ٹینڈے دیسی 75 روپے، پھلوں میں سیب کالا کولو پہاڑی 300 روپے،اناردیسی 370روپے ،ایک کلو فالسہ 300روپے،آم چونسہ 150روپے ، انگور 225 روپے، کیلا اول درجن 150 روپے، کیلا دوم درجن 95 روپے تک فروخت کیا۔ بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال عید پر 15 فیصد کے لگ بھگ اضافہ ہوا بیکری مالکان نے دو پاﺅنڈ کریم کیک کی قیمت900روپے سے بڑھا کر1200روپے کر دی، تنور مالکان نے عید الفطر کے دوران لوگوں کو روٹی اور نان 10روپے میں فروخت کئے۔ عید کے موقع پر دودھ دہی فروخت کرنے والوں نے ایک کلو دہی 90روپے سے 100روپے کلو تک میں فروخت کیا۔ ایک کلو مٹن 1200روپے ،ایک کلو گائے کا گوشت 600روپے اور ایک کلو برائلر مرغی کا گوشت 258روپے سے لیکر 320 روپے تک میں فروخت کیا گیا۔اپنے نامہ نگار کے مطابق عید پر اسلحہ نما کھلونوں کی فروخت پر پابندی کے باوجود کارروائی نہ کی جا سکی جس سے ہر دوسرے بچے کے ہاتھ میں کھلونا نما بندوق نظر آئی۔ بچے ان نقلی اسلحہ نما کھلونوں کی خریداری پر والدین کو مجبور کرتے رہے پولیس اور انتظامیہ کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔
عید / مہنگائی