قومی باکسر محمد وسیم نے ورلڈ ٹائٹل جیتنے کیلئے تیاریاں شروع کر دیں
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستانی باکسر محمد وسیم نے 15 جولائی کو فلائی ویٹ کیٹگری میں ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ باکسر محمد وسیم نے ہم وطنوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے دعاؤں کی اپیل کی۔ انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے تحت ورلڈ ٹائٹل کا مقابلہ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں ہوگا جہاں باکسر وسیم، جنوبی افریقہ کے موروئی متھالین کے مدمقابل ہوں گے۔ جنوبی افریقن باکسر نے اپنے فائٹ کیرئر کے 37 میں سے 35 مقابلوں میں فتح حاصل کر رکھی ہے جبکہ محمد وسیم بھی اب تک 8 انٹرنیشنل مقابلوں میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ محمد وسیم اس وقت ورلڈ ٹائٹل کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں سخت ٹریننگ میں مصروف ہیں جس کے لیے وہ انتہائی تجربہ کار امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔