اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید ڈیڑھ روپیہ مہنگا‘ 124.50 روپے تک پہنچ گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) عید کی چھٹیوں کے بعد پہلے کاروباری روز ہی روپے کی قدر مزید کم ہو گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 124 روپے سے تجاوز کر گئی گزشتہ دس روز میں روپے کی قدر میں 5.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں منگل کو ایک روپے 34 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر کی قیمت فروخت 122 روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی اوسط قیمت 121 روپے 73 پیسے رہی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.5 روپے مہنگا ہوکر 124 روپے 50 پیسے میں بھی فروخت ہوا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈالر کی قیمت اس حد تک پہنچی ہے۔ جون کے دس روز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 6 روپے 12 پیسے کی کمی ہو چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق جون کے دوران اب تک روپے کی قدر میں 5.3 فیصد کمی ہو چکی ہے، اس سے قبل مارچ اور دسمبر میں بھی حکومت نے روپے کی قدر میں 5.5 فیصد کمی کی تھی۔
ڈالر/مہنگا