ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا
لاہور (سپورٹس ڈیسک )کریگ بریتھ ویٹ کی مزاحمت اور بارش کی وجہ سے دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔سری لنکا سے سیریز میں بدستور ویسٹ انڈیز کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، مہمان ٹیم نے 296 رنز کا ہدف دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کے 64 رنز پر 4 وکٹیں اْڑا دیں، اس موقع پر کھیل مکمل طور پر آئی لینڈرز کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہا تھا مگر اوپنر کریگ بریتھ ویٹ نے مزاحمت جاری رکھی، فائنل سیشن میں بارش شروع ہوگئی، کم روشنی نے میچ آفیشلز کے پاس مقابلے کے ڈرا پر اختتام کے سوا کوئی چارہ نہیں چھوڑا۔اس موقع پر ویسٹ انڈیز کا سکور 5 وکٹ پر 147 رنز تھا، بریتھ ویٹ 59 رنز پر ناٹ آوٹ رہے، مین آف دی میچ 12 وکٹیں لینے والے شینن گیبرائل کو قرار دیا گیا۔سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 253جبکہ دوسری میں 342رنز بناسکی ۔ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 300جبکہ دوسری میں پانچ وکٹوں پر 147رنز بنائے ۔