• news

پاکستانی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے:میاں انجم نثار

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستانی صنعت کو ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف یہ اپنی پیداوار بڑھا اور عالمی منڈی میں جگہ بناسکے بلکہ تیزی سے بدلتے ہوئے بین الاقوامی تقاضوں سے بھی ہم آہنگ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت میاں انجم نثار، لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، امجد جاوا اور دیگر ماہرین نے فارما گروپ ولشائر لیبارٹریز کی چار سو سے زائد افراد پر مشتمل سیلز ٹیم کے تین روزہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ پاکستان میں ادویہ سازی کے شعبہ کی برآمدات بڑھانے کے لیے تکنیکی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،قیام پاکستان کے بعد پاکستان میں کوئی فارما یونٹ نہیں تھا مگر اب ملک بھر میں 850سے زائد فارمایونٹس کام کررہے ہیں جو بڑے فخر کی بات ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہرجاوید نے کہا کہ فیصلہ سازوں اور نجی شعبے کے درمیان تعلقات کا فروغ کاروباردوست پالیسیوں کی تشکیل میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر کیے گئے فیصلے فائدہ کے بجائے نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں لہذا پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری برادری کو شامل مشاورت رکھا جائے۔ چیئرمین ویلشائیر لبارٹریز اور سابق سینئر نائب صدر ایل سی سی آئی امجد جاوا کا کہنا تھا پاکستان عالمی مارکیٹ میں بہت اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسی بنا پر ولشائرز نے 2020 تک 20 ممالک تک اپنی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن