ڈی جی خان: جمال لغاری کو حلقے کا دورہ مہنگا پڑ گیا‘ نوجوانوں نے آڑے ہاتھوں لیا
ڈی جی خان (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار جمال خان لغاری کو ڈی جی خان میں اپنے حلقے میں جانا مہنگا پڑ گیا۔ نوجوانوں نے سردار جمال لغاری کو آڑے ہاتھوں لیا۔ عوام نے طنزیہ انداز میں کہا کہ 5 سال بعد نورانی چہرہ دیکھ رہے ہیں تو جمال لغاری نے کہا کہ ووٹ لینے نہیں تعزیت کرنے آیا ہوں۔ عوام نے سوال کیا کہ برسوں پہلے کی تعزیت اب کیوں یاد آئی۔ جمال خان لغاری نے کہا کہ قبیلے کا سردار ہوں‘ ایک ووٹ پر اتنا ناز؟ سردار جمال خان لغاری کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ جمال لغاری نے ویڈیو میں نوجوان سے سوال کیا کہ علاقے میں 42 کلو میٹر روڈ کس نے بنائی‘ جواب ملا جمہوریت نے بنوائی ہے جس پر لیگی رہنما نے کہا کہ چپ کر جمہوریت جمہوریت‘ ہمیں سب پتہ ہے جمہوریت کیا ہوتی ہے۔ جمال لغاری نے یہ بھی کہا کہ آپ میرے سوال کا جواب 25 جولائی کو دینا۔ نوجوان نے مکالمے کے دوران ن لیگی رہنما کو جواباً کہا کہ انشاءاللہ 25 جولائی کو آپ کو جواب ملے گا۔ جمال لغاری نے ویڈیو بنانے والے سے کہا کہ وہ یہ بند کر دیں تاکہ آرام سے بات ہو سکے۔ اس پر نوجوان نے کہا کہ کچھ گلے شکوے کرنا ہے صرف پانچ منٹ مانگ رہے ہیں جس پر جمال لغاری نے کہا کہ بات میں بعد میںکروں گا ووٹ لینے نہیں افسوس کرنے آیا ہوں۔
جمال لغاری