خوشحال پاکستان سکیم : نوازشریف کیخلاف نیب انکوائری بند‘ شجاعت‘ پرویز الہی سمیت متعدد کلیئر
اسلام آباد(نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور دیگر کے خلاف خوشحال پاکستان سکیم، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی، سابق ایم پی اے چوہدری منظور الٰہی اور دیگر، سابق ممبر پبلک سروس ٹربیونل عبدالحمید خان، سابق صدر جی او سی ایچ ایس عرفان حمید خان اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے، سابق ممبر قومی اسمبلی اور نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، سابق وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے، نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کراچی کی انتظامیہ کیخلاف انکوائری شروع کرنے، سابق صوبائی وزیربرائے قانون سندھ ضیاءالحسن لنجار اور دیگرکے خلا ف انوسٹی گیشن، سابق وزیر خوراک بلوچستان اظہار حسین کھوسہ اور دیگرکے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے، پاکستان ٹیلی ویژن میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور بدعنوانی کا کیس ایف آئی اے کو بجھوانے کی منظوری دی۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے افتخار رحیم خان، سابق سیکرٹری ورکرز ویلفئیرفنڈ اسلام آباد ، افسران/ اہلکاران اوردیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبیہ طور پر غیر قانونی طور پر تقرریوں اور میڈیکل کالج روات کیلئے 300 کنال زمین مہنگے داموں خریدنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 660 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبرپبلک سروس ٹربیونل عبد الحمید خان ،سابق صدر جی او سی ایچ ایس عرفان حمید خان اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیف فنانشل آفیسر پنجاب پاور ڈویلیپمنٹ کمپنی اکرام نوید اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیئرمین /ڈائریکٹرمیسرز ایرو لیوب پرائیویٹ لمیٹڈ محمد ارشد جلیل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پراختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بدعنوانی کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وائس چانسلر سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام ڈاکٹر مجیب الدین میمن اور دیگر کے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر یونیورسٹی فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 100 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق سیکرٹری ریوینیو سٹیمپس اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹیزحکومت سندھ گل حسن چنہ اور عبدالرزاق قریشی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر 770 ایکڑ حکومتی اراضی غیر قانونی طور پرمنتقل کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) کراچی کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سی ای او این آئی سی ایل کی غیر قانونی طور پر تقرری کرنے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان سٹیٹ آئل کے افسران/ اہلکاران کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پرپیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں بدعنوانی اور خرد برد کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 14.2 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چئیرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) ایاز خان نیازی اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر سابق چئیرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی تنخواہ اور دیگر مراعات کی شکل میں قومی خزانے کونقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو 109.874 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیف آف پارٹی شیلادیہ ایسوسی ایٹس سلیم باز خان اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر یو ایس ایڈ پاکستان کے پراجیکٹس میں بدعنوانی کا الزام ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کبیر میڈیکل کالج پشاور کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے فاٹاایجوکیشن ڈائیریکٹریٹ کے افسران /اہلکاران او دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرپر مبینہ طور پربدعنوانی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر بھرتیاں کرنے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختون خواہ ملک قاسم کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے فشریز ڈیپارٹمنٹ پسنی کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف انکوائری جاری رکھنے اور مزید چھان بین کا حکم دیا۔ 22 ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق صوبائی وزیر بلوچستان نواب محمد خان شہوانی اوردیگرکے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے حکومتی فنڈز میں خورد برد کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق صوبائی وزیربرائے قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار اوردیگرکے خلا ف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کاالزام ہے۔ جس سے قومی خزانے کو124 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق سی پی او ملتان عامر ذوالفقار اوردیگرکے خلا ف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پرمبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کاالزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے او جی ڈی سی ایل میں مبینہ بد عنوانی اور میرٹ کے برعکس تقرریوں کے الزام میں مبینہ طور پر شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی ایک کینسر ہے جسے جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی کہ وہ بدعنوان، اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے اپنی تما م تر صلاحیتیں استعمال کریں۔
نیب انکوائری