• news

مستونگ میں آپریشن‘ عورت سمیت 4 دہشت گرد ہلاک‘ 7 سیکورٹی اہلکار زخمی

مستونگ، کوئٹہ (نامہ نگار+ ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب تیرامیل میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی‘ کوئٹہ میں فائرنگ سے سب انسپکٹر زخمی جبکہ اس کا بھائی اور بہن جاں بحق ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب تیرامیل میں سی ٹی ڈی کےاآپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا۔دشت کے علاقے تیرامیل میں واقع ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔ دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے علاقے میں داخل ہوتے ہی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر 7 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بکتر بند گاڑی کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔ دہشت گردوں نے کارروائی کے دوران راکٹ بھی فائر کئے۔ ایک راکٹ قریبی مکان کو جا لگا جس سے ایک 4 سالہ بچہ جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمی اہلکاروں اور خاتون کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تیرامیل آپریشن مکمل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے.سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، دوسرا پولیس کی جوابی فائرنگ سے مارا گیا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خود کش حملہ آور نے خود کو پولیس بکتر بند کے قریب پہنچ کر دھماکے سے اڑا لیا، تاہم دھماکے کے نتیجے میں کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔ترجمان سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ ساتھی ملزمان کی نشاندہی کیلئے لایا گیا تیسرا دہشت گرد بھی مارا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔دھماکے کے مقام سے 5 سالہ بچے کی نعش بھی لائی گئی ہے، جس کی شناخت ابھی نہیں کی جاسکی۔دہشت گردوں سے مقابلے میں سی ٹی ڈی کے 4اہل کار بھی زخمی ہوئے ہیں۔آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ نے دشت میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کیا۔ آئی جی کو سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں نواں کلی میں سب انسپکٹر کی گاڑی پر فائرنگ سے اس کا بیٹا اور بھائی جاں بحق جبکہ اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں سب انسپکٹر عبدالصمداپنی نجی گاڑی میں بیٹے اور بھائی کے ہمراہ گھر جارہا تھاکہ اس دوران گھات لگائے ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے کار سوار تینوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں عبدالصمد کا بیٹا اور بھائی دم توڑ گئے جب کہ سب انسپکٹرکو شدید زخمی حالت میں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حملے کی زد میں آنے والا اہلکار جناح ٹاﺅن تھانے کا سب انسپکٹر ہے اور انویسٹی گیشن سیکشن میں تعینات ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ دریں اثناءفرنٹیئر کور نے مستونگ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ایف سی کے مطابق مستونگ کے علاقے قابو میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ مختلف ساخت کے 15 راکٹ قبضے میں لے لئے۔ ایف سی نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 46 عدد فیوز، 2 مائنیز، 2 ہینڈ گرنیڈ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے۔
مستونگ /آپریشن

ای پیپر-دی نیشن