لاپتہ بچیوں کا کیس: آئی جی اسلام آباد پولیس عدالت پیش‘ 4 دن مہلت کی استدعا منظور
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والی دو کمسن بچیوں کے لاپتہ ہونے کے مقدمے میں پولیس کی جانب سے چار دن کی مہلت کی استدعا منظور کرلی ہے کیس کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد جان محمد عدالت میں پیش ہوئے۔ فاضل جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بچیاں اکتوبر 2016سے لاپتہ ہیں انہیں زمین کھاگئی ہے یا آسمان نگل گیا ہے۔ لاپتہ بچیاں کدھر ہیں اس پر انسپکٹرجنرل پولیس اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ میری پوسٹنگ کو دو دن ہوئے ہیں ابھی ابھی میں نے لینڈ کیا ہے، اس پر فاضل جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آئی جی صاحب آپ نے ہاٹ واٹر میں لینڈ کیا ہے اسلام آباد پولیس میں بدمعاش موجود ہیں اگر اسلام آباد سے جرائم ختم کرنے ہیں تو پہلے پولیس کی کالی بھیڑوں کو پکڑنا ہو گا۔ اسلام آباد پولیس ملک کی سب سے نااہل پولیس فورس ہے عدالت نے پولیس کی جانب سے چار دن کی مہلت کی استد عا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی ہے۔