استغاثہ لندن فلیٹس سے نوازشریف کا تعلق نہیں جوڑ سکا: خواجہ حارث
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب کی طرف سے دائر ایون پراپرٹی ریفرنس میں حتمی دلائل دیتے ہوئے میاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا ہے کہ کیپٹل ایف زیڈ ای کا ایون فیلڈ پراپرٹی سے کچھ لینا دینا نہیں، واجد ضیا نے لندن فلیٹس کے استعمال پر بھی غلط بیانی کی، نوازشریف نے کبھی نہیں کہا لندن فلیٹس ان کے قبضے میں رہے، حسن نواز نے اپنے بیان میں نوازشریف کی فلیٹس ملکیت کی بات ہی نہیں کی، واجد ضیا نے کہا نوازشریف لندن فلیٹس میں رہتے رہے، مالک ہیں، ایک شخص اتنا بڑا جھوٹ کیسے بول سکتا ہے ، میں ابھی جائوں ان فلیٹس میں چائے پی لوں تو کیا مالک ہو جائوں گا ؟جو چار شرائط استغاثہ نے پوری کرنا تھیں ان کا ایک بھی گواہ ان کے پاس نہیں ، واجد ضیا خود مان رہے ہیں ایسی کوئی چیز نہیں ملی جو نوازشریف کا ان کمپنیوں کے ساتھ تعلق ظاہر کرے، سدرہ منصور کے پاس ایسی کوئی معلومات نہیں تھیں جن پر وہ کہتی نوازشریف کا لندن فلیٹس سے تعلق ہے، استغاثہ کسی بھی طریقے سے لندن فلیٹس کے ساتھ نواز شریف کا تعلق نہیں جوڑ سکا۔ سماعت آج بھی ہو گی، خواجہ حارث حتمی دلائل جاری رکھیں گے۔بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی،میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔