• news

ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل مؤخر کرنے کی درخواست: دلائل سے مطمئن کریں: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں حتمی دلائل موخر کرنے کی نوازشریف کی درخواست پر سماعت آج تک ملتوی کردی ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست کی سماعت کی۔ نواز شریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملک کی تاریخ کا واحد کیس ہے جس میں ملزمان کی جانب سے کوئی تاخیری حربے استعمال نہیں ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ تینوں ریفرنس کے علیحدہ علیحدہ ٹرائل سے دفاع کا حق متاثر ہو گا۔ احتساب عدالت خود اپنے وضع کردہ اصولوں سے انحراف کر رہی ہے، تینوں ریفرنسز کے ایک ساتھ ٹرائل کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی واضح ہے، تینوں ریفرنس ایک دوسرے سے مربوط ہیں، ریفرنس میں حتمی دلائل گواہان کے بیان اور جرح مکمل ہونے تک موخر کیے جائیں، اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر انصاف کے تقاضے پورے نہ ہوئے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ اس پر جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ رحم کی اپیل نہیں ہے، آپ قانونی دلائل سے عدالت کو مطمئن کریں۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ آج نیب کی جانب سے جوابی دلائل دئیے جائیں گے نواز شریف نے تمام ریفرنسز میں گواہوں کے بیانات مکمل ہونے تک حتمی دلائل موخر کرنے کی درخواست دے رکھی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن