مخصوص نشستیں: تحریک انصاف میں امیر خواتین کو ترجیح دی گئی
لاہور ، اسلام آباد (مبشر حسن‘ دی نیشن رپورٹ، آن لائن) تحریک انصاف کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص نشستوں کے لئے جو فہرست الیکشن کمشن کو فراہم کی گئی ہے اس میں امیر‘ مخیر خواتین کو ترجیح دی گئی ہے۔ اور پارٹی کے لئے کام کرنے والے مخلص کارکنوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب میں جو فہرست تیار کی گئی ہے اس میں امیر‘ مخیر خواتین اور وفادار پارٹی کارکنوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ تاہم چند خواتین پارٹی ورکرز کا کہنا ہے ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم ہوئی ہے۔ مخصوص نشستوں پر اقرباء پروری اور پاسداری کی بنیاد پر خواتین کا نام فہرست میں شامل کیا گیا‘ جن خواتین کا نام فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں عندلیب عباس‘ اسماء قدیر‘ عالیہ حمزہ‘ جویریہ ظفر، کنول‘ ڈاکٹر سیمی بخاری‘ ثوبیہ کمال‘ ملیحہ بخاری‘ فوزیہ بہرام‘ رخسانہ نوید‘ تاشفین صفدر‘ منزہ حسن‘ سیمابیہ طاہر‘ ڈاکٹر شیریں مزاری‘ ڈاکٹر یاسمین راشد‘ صادقہ‘ سیدہ زہرہ‘ نیلم حیات‘ عظمیٰ کاردار‘ مسرت چیمہ‘ سعدیہ سہیل‘ راشدہ ظہیر‘ فرح کے نام شامل ہیں۔ تحریک انصاف کی حتمی فہرستیں منزہ حسن اور عالیہ حمزہ نے مرتب کیں جنہیں سیاسی حلقوں میں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔دریں اثنا پی ٹی آئی کی جانب سے مزید حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ دینے اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف نظر ثانی کرنے کا عمل جاری ہے۔ میڈیاسے گفتگو میں پی ٹی آئی کے سیکرٹیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے کچھ حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف دی گئی زیادہ تر درخواستوں پر نظر ثانی کی جاچکی ہے، انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی نے کچھ حلقوں میں امیدوار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم حتمی امیدواروں کا باضابطہ اعلان جمعرات کو کیا جائیگا۔