گائے ذبح کرنے کے الزام میں ایک اور مسلمان قتل، ساتھی زخمی
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کی ریاست اتر پردیش میں مشتعل ہجوم نے مبینہ طور پر گائے ذبح کرنے کا الزام لگا کر 2 مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ دہلی سے 70کلومیٹر دور ایک گائوں میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 45سالہ قاسم، زخمی شخص کی شناخت 65سالہ سامایودین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد سے تلخ کلامی کے بعد مشتعل ہجوم نے دونوں افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہے جس میں قاسم کو ہجوم کے سامنے تشدد کے بعد جان کی بازی ہارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سینئر پولیس افسر پون کمار نے بتایا کہ گائوں سے گزرنے والے 2موٹر سائیکل سواروں اور مقامی افراد کے درمیان راستے سے گزرنے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد مقامی افراد نے ان پر حملہ کیا اور ان میں سے ایک کو تشدد کر کے ہلاک کردیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔