لاہور سمیت کئی شہروں میں آندھی، بارش، فیصل آباد: چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق
لاہور ، فیصل آباد (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت میں تیز ہوائوں کے ساتھ آندھی جبکہ پنجاب کے کئی دیگر شہروں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش سے لیسکو سمیت ان علاقوں کی ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ۔ سینکڑوں فیڈرز اور درجنوں گرڈز ٹرپ کر گئے جبکہ کئی مقامات پر ٹرانسفارمرز بھی جل گئے ۔ صوبائی دارالحکومت میں بعد دوپہر تیز ہوائوں چلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور شدید آندھی آئی جس سے لیسکو کے 47 فیڈرز اور تین گرڈز ٹرپ کر گئے آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت ٹوٹ کر تاروں پر گر پڑے ۔ جس کے باعث کئی علاقے بجلی کی فراہمی سے محروم ہو گئے ۔ دیگر ڈسکوز میں بھی ایسی ہی صورت حال رہی ۔ بارش والے علاقوں میں زیادہ فیڈرز اور گرڈز ٹرپ ہوئے ۔ صوبائی دارالحکومت میں آندھی رکنے کے بعد بحالی کا کام شروع کیا گیا جن علاقوں میں تاریں ٹوٹ گئیں وہاں رات گئے تک بحالی کا کام جاری رہا تاہم ٹرپ شدہ فیڈرز اور گرڈز کو بحال کر دیا گیا دیگر ڈسکوز زمیں بھی ایسی ہی صورت حال رہی ۔ اس سے قبل لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ بھی جاری رہا تاہم بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہی رکھا گیا بڑے شہروں میں رات کے وقت لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی کم رکھا گیا ۔ ضلع ساہیوال میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش، بجلی کا نظام درہم برہم، چھ فیڈر ٹرپ کرگئے۔ نور شاہ، قادر آباد، بہادر شاہ کے علاقوں میں موسلادھار بارش، طوفانی آندھی کے سبب بجلی کی تاریں ٹوٹنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ سمبڑیال وگردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، موسم خوشگوار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سمبڑیال و گرد و نواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش ہونے کے باعث گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی اور منچلے سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں نے سموسے، پکوڑوں کی دکانوں کا رخ کرلیا۔ گوجرہ میں شہر و گردو نوا ح میں گرد آ لود تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش کے نتیجہ میں گرمی کا زور ٹو ٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ۔ آ ندھی کے باعث دوکا نو ں کے سا ئن بورڈ اتر گئے دیہا تی علا قو ں میں درختو ں کے ٹو ٹنے کی اطلا عات بھی ہیں طوفا ن کے باعث بجلی سپلا ئی کرنے والے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ فیصل آباد میں شدید بارش اور طوفان کے باعث چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوگئے۔ چک 597/ج۔ب پل پیرے والا تاندلہ میں شدید بارش اور آندھی کی وجہ سے مکان کی چھت گری جس سے 45 سالہ ظہیر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکے تین بیٹے 7 سالہ اللہ رکھا، 5 سالہ اللہ دتہ اور 10 سالہ راشد زخمی ہوگئے۔سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق تیز ہوا کے ساتھ بارش سے سیالکوٹ کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ بدھ کے روز دوپہر کے بعد سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہوا کے بعد معمولی بارش ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بونگہ حیات سے نامہ نگار کے مطابق بو نگہ حیات و گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز آندھی سے درخت جڑسے اکھڑ گئے، بجلی کے پول گرنے سے بجلی کی سپلائی بند رہی۔