پاکستان ریلویز قیمتی اور اہم اثاثہ ہے: قائم مقام صدر سنجرانی
اسلام آباد (اے پی پی) قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز ملک کا ایک قیمتی اور اہم اثاثہ ہے اور یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ پاکستان ریلویز کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کیلئے جو حکمت عملی اپنائی گئی ہے وہ درست سمت میں پیشرفت ہے ۔ قائم مقام صدر کو بدھ کے روز ایوان صدر میں پاکستان ریلویز کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ نگران وفاقی وزیر روشن خورشید بھروچہ نے دی۔ قائم مقام صدر نے محترمہ روشن خورشید بھروچہ کی کاوشوں کو سراہا اور صلاحیتوں کی داد دی۔ انہوں نے تجویز دی کہ گوادر اور خاص طور پر سی پیک کی بدولت بلوچستان کا صوبہ انتہائی اہم ہے۔ضروری ہے کہ پورے صوبے میں ریلویز کا نظام بہتر بنایا جائے اور ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ بھی ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے رابطہ بہتر بنایا جائے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے چاغی سے کوئٹہ کارگو ٹرین چلانے ، کراچی سے کوئٹہ روزانہ کی بنیاد پر مسافر ٹرین کی سہولت دینے اور صوبے کے اندر ریل کے نظام کو معیار ی بنانے کی تجویز بھی دی تاکہ عوام کو بہتر سہولت فراہم کر کے ان کے معیار زندگی میں تبدیلی لائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ادارے کو مسائل کا سامنا ہے تاہم بہتر بزنس پلان کے ذریعے ادارے کو منافع بخش بنا کر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اوراب وقت آگیا ہے کہ روایتی سوچ ترک کر کے پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک عالمی معیار کے کار پوریٹ ادارے کے طور پر چلایا جائے اور زیادہ سے زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے بین الاقوامی تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے ۔