پانچواں پاکستان ایران پرمننٹ بارڈر کمیٹی کا دو روزہ اجلاس زاہدان میں شروع
چاغی(اے پی پی) پانچواں پاکستان ایران پرمننٹ بارڈر کمیٹی کا دو روزہ اجلاس ایران کے شہر زاہدان میں شروع ہوگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس طارق الرحمن کی قیادت میں پاکستانی وفد بدھ کی صبح چاغی کے ایرانی سرحد سے متصل شہر تفتان کے راستے ایران روانہ ہوا جہاں ایرانی سرحدی انتظامیہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد میں ایرانی سرحد سے ملحقہ اضلاع چاغی، واشک، پنجگور، تربت اور گوادر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت ایف سی حکام بھی شامل ہیں جو مشترکہ اجلاس کے دوران سرحدی امور، سکیورٹی کے معاملات، دو طرفہ تجارت، آمد و رفت اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال اور اس سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے لئے تجاویز کا تبادلہ کریں گے۔