سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے اصلاحاتی آرڈر پر عملدرآمد روک دیا
سکردو (نمائندہ نوائے وقت) جی بی آرڈر 2018 ء پر عملدرآمد فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک رٹ پٹیشن پر سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے سکردو میں سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ اپیلٹ کورٹ کے چیف جج جسٹس ڈاکٹر شمیم احمد خان کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے کیس سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے اس اصلاحاتی آرڈر پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ جی بی اصلاحاتی آرڈر 2018 ء مسلم لیگ ن کی وفاقی کابینہ نے اپنے آخری اجلاس میں منظوری دی تھی جس کے تحت جی بی کونسل کے تمام اختیارات اسمبلی اور وزیراعلیٰ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم چند ایسی شق تھیں جس پر عوامی ایکشن کمیٹی‘ انجمن تاجران‘ وکلاء برادری اور سیاسی پارٹیوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آرڈر کو یکسر مسترد کر دیا تھا۔