• news

بنی گالہ میں ناراض کارکنوں کا دھرنا جاری‘ عمران محصور ہو کر رہ گئے

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے 24 جون سے ملک گیر انتخابی مہم کا پلان ترتیب دے دیا چیئرمین عمران خان پرسوں 24 جون کو اپنے آبائی حلقہ میانوالی سے انتخابی جلسے سے خطاب کرکے مہم کا افتتاح کریں گے دیگر شہروں کے جلسوں کی تاریخیں طے کرنا آخری مراحل میں ہیں ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے وفاقی اور صوبائی بیورو کریسی میں نئے تقرروتبادلے کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی جس میں سابق بیورو کریٹ شفقت محمود ، اسد عمر اور فواد چوہدری شامل ہوں گے کمیٹی کا جائزہ اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوگا تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ان تقرریوں تبادلوں پر جمعۃ المبارک کے روز اپنے ردعمل کا اظہار کرے گی ۔ سابق ایم این اے میاں اعجاز نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے دس یونین کونسلز کے چیئرمینوں نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے شمولیت کا اعلان انہوں نے علیم خان اورشعیب صدیقی سے ملاقات میں کیا۔ دریں اثناء نادر رضا پی ٹی آئی رہنماؤں کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا رہنماؤں نے شفاف بورڈ بناکر ٹکٹ دینے کے فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بنی گالہ کے سامنے کارکنوں کا احتجاج جاری رہے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما ممتاز قانون دان حامد خان بھی ٹکٹ نہ ملنے پر سراپا احتجاج ہیں اور انہوں نے لاہور سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بنی گالہ طلب کر لیا ہے اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ لاہور سے پارٹی کے ناراض کارکنوں کی قیادت کرتے ہوئے بنی گالہ کے باہر دھرنے پر پہلے سے موجود پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ پہنچیں گے اور پارٹی سے قیادت کی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔
اسلام آباد (عزیز علوی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف اپنے گھر کے راستے پر کارکنوں کے چار روز سے جاری دھرنے کے باعث بنی گالہ میں محصور ہو کر رہ گئے پارٹی قیادت کیلئے بنی گالہ جانا محال ہوگیا کارکن بنی گالہ میں ہزاروں کی تعداد میں کارکن خیمے لگائے احتجاج کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے بستر بھی لگا رکھے ہیں احتجاجی افراد میں روز بروز اضافے کے بعد مرکزی قیادت میں پریشانی بھی بڑھ رہی ہے جبکہ احتجاجی کارکن اپنے اپنے حلقوں کے ٹکٹ تبدیل کرائے بغیر یہاں سے اٹھنے کو تیار نہیں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کارکنوں نے احتجاج اور دھرنا ختم کرنے کیلئے اپنے قائد عمران خان کے کسی حکم کو ماننے سے انکار کیا ہے پی ٹی آئی کی صف اول سے ہٹ کر پچھلی صف سے بھی کوئی لیڈر ناراض کارکنوں کو منانے یا ان سے مذاکرات کیلئے نہیں آیا جو لیڈر بنی گالہ آتے ہیں انہیں راستے میں دھرنا دئے بیٹھے کارکن چیئرمین عمران خان کے گھر جانے کی اجازت نہیں دیتے اور شدید نعرہ بازی کرکے انہیں واپس جانے پر مجبور کردیتے ہیں پارٹی کارکنوں کا یہ انتشار مرکزی قیادت کیلئے مستقل درد سر میں بدل چکا ہے اور اس کے حل کی بھی کوئی راہ سجھائی نہیں دے رہی شبقدر سے بھی جمعرات کو پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں کا قافلہ احتجاج کرتے ہوئے بنی گالہ پہنچا تو وہاں موجود دھرنے کے شرکاء نے ان کے حق میں واشگاف نعرے لگائے شبقدر سے آنے والے مسلسل ایک ہی نعرہ لگاتے رہے کی انصاف والو انصاف دو۔

ای پیپر-دی نیشن