• news

’’آپ نے کچھ نہیں کیا‘‘ کشمور کے نوجوانوں نے ووٹ کیلئے آنے والے بااثر سردار سلیم جان مزاری کو واپس بھیج دیا

کندھ کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) کندھ کوٹ ایٹ کشمور کے علاقے تنگوانی میں نوجوانوں نے ووٹ مانگنے کیلئے آنے والے علاقے کے بااثر ترین سردار سلیم جان مزاری کو واپس کردیا۔کوٹ ایٹ کشمور کا شمار صوبے کے پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے۔ چند نوجوانوں نے بااثر سردار کا راستہ روک کرانہیں کھری کھری سنادیں۔نوجوانوں نے طویل عرصے تک غائب رہنے اور نئے عام انتخابات قریب آنے کے بعد ووٹ مانگنے کے لیے آنے والے سردار سلیم جان مزاری کے سامنے احتجاج کرکے انہیں 10 سال تک غائب رہنے، ایوانوں میں علاقے کے لیے کچھ نہ بولنے اور علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرنے پر بولنے تک نہ دیا اور انہیں واپس جانے پر مجبور کردیا۔ احتجاج کرنے والے نوجوان اگرچہ سردار کو 10 سال تک ضلع کے لیے کچھ بھی نہ کرنے کا طعنہ دیتے سنائی دے رہے تھے، تاہم ان کا زیادہ تر زور اس بات پر ہے کہ سردار سلیم جان مزاری نے ضلع میں یونیورسٹی بنانے کے لیے کردار کیوں نہیں ادا کیا۔نوجوان بولتے نظر آتے ہیں کہ ان کی خاموشی کو 50 سال گزر گئے اور ان کی 4 نسلیں خاموشی کی وجہ سے جہالت کی زندگی گزار گئیں، تاہم اب وہ خاموش نہیں رہنے والے، وہ اپنا حق، اپنی یونیورسٹی لڑ جھگڑ کر بھی حاصل کریں گے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوانوں کے شدید غصے سے تنگ آکر سردار سلیم جان مزاری گاڑی میں بیٹھ کر واپس چلے گئے۔پسماندہ ترین علاقے میں بااثر سردار کے خلاف چند نوجوانوں کے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور سندھ بھر کے نوجوان ایک دوسرے کو اپنے اپنے علاقوں میں ایسا ہی احتجاج کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دکھائی دیئے۔

ای پیپر-دی نیشن