عمران خان نے تبدیلی کے نام پر کے پی کے عوام کو دھوکا دیا‘ احسن اقبال
اسلام آباد (جنرل رپورٹر) 2013 سے قبل ملک کا ہر شعبہ تباہی کا شکار تھا ہم نے معیشت کو بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرتوانائی اور انفراسٹرکچر میں بہتری لائی ہے جس سے ترقی کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد ہوگئی ہے اور ملک کو اندھیر وں سے نکال کر ابھرتی ہوئی معیشت میں تبدیل کیا ہے، عمران خان نے تبدیلی کے نام پر خیبرپی کے کی عوام کو دھوکا دیا اور اب ایک کروڑ نوکریاں اور 100دن کا پلان دوسرا ڈرامہ ہے، نوے کی دہائی میں ہماری ترقی کی رفتار بھارت اور بنگلہ دیش سے بہت بہتر تھی بد قسمتی سے آج بھارت اور بنگلہ دیش پاکستان سے بہت آگے نکل چکے ہیں اور موجودہ ملکی معاشی صورتحال لمحہ فکریہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے سابق وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کے ہمراہ جمعرات کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں پریس کانفر نس کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے وفاقی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے 66سالوں میں 18ہزار میگا واٹ بجلی پید کی گئی تھی جبکہ (ن)لیگ کی حکومت نے 4سال میں 10ہزار میگا وار ڈ بجلی پید ا کی ہے اور مختلف ترقیاتی پراجیکٹس زیرتکمیل ہیں جبکہ ہم نے ٹرانسپورٹ اور سڑکوں سمیت پانی کے کئی منصوبے مکمل کئے ہیں،ملک میں 45 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام کیا اور 17500 کلومیٹر سڑکوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا، ویژن 2025 پاکستان کو خطے کا مرکز بنا دے گا، اب پاکستان کو صنعتی معیشت میں تبدیل کرنا ہے صنعتی معیشت بننے کے لیے توانائی کے منصوبے بہت ضروری ہے۔ کے پی کے میں یونیورسٹی نہ بنا سکے جبکہ وفاقی حکومت نے یونیورسٹیاں اور کیمپس قائم کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے ملک میں تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جس سے ملک میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آیا،وفاقی حکومت نے چین کے ساتھ معاشی شراکت داری کی مثال قائم کی۔ پریس کانفرنس کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوئی جب کانفرنس کے دوران پچھلی صفوں میں بیٹھے لوگوں نے ’’گونوازگو‘‘ کے نعرے لگانا شروع کر دیئے جس پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا یہ ان لوگوں کا قصور نہیں یہ اپنے لیڈر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور آئندہ الیکشن میں ن لیگ کی جیت سے گھبراہٹ کا شکار ہیں۔