• news

نگران حکومت منصفانہ انتخابات کے لئے بھرپوروسائل استعمال کریگی:حسن عسکری

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے صوبائی وزیر برائے محنت و انسانی وسائل، لائیوسٹاک اور ٹرانسپورٹ نعمان کبیر نے ملاقات کی، جس میں انتظامی اور محکمانہ امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حسن عسکری نے کہا کہ الیکشن کمشن کی ہدایات کے مطابق آزادانہ انتخابات کے انعقادکیلئے بہترین انتظامات کیے جائینگے۔ تمام سرکاری محکمے الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ الیکشن کے انتظامات کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیںگے۔ نگران صوبائی حکومت منصفانہ انتخابات کیلئے میسر وسائل کا بھر پور استعمال کرے گی۔ صوبہ بھر میں مزدوروں اورکارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کیلئے تعلیم و صحت کی سہولتیں ترجیحات میں شامل ہے اور مزدوروں اور محروم معیشت طبقات کو معاشرے میں جائز مقام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے استحصال کو روکنے کیلئے قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ صوبہ بھر میں لائیوسٹاک کو فروغ دیکر دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ دیہات میں لائیوسٹاک کے اختراعی منصوبوں سے غذائی خود کفالت کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مزید 7 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ اس فنڈ سے کینسر، جگروگردے کی پیوندکاری اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کامفت علاج ہوگا۔ حسن عسکری نے سابق سفارتکار اور معروف کمنٹیٹر جمشید مارکر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن