نواز شریف کو سزا ہونے کا یقین ہے اسی لئے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں: اعتزاز احسن
لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ زبان زد عام ہے کہ ہارلے سٹریٹ کلینک شریف خاندان کی ملکیت ہے،ہارلے اسٹریٹ کوئی ہسپتال نہیں کلینک ہے لیکن وہاں دل کے بائی پاس ہوتے ہیں۔لاہور میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو یقین ہے کہ انہیں سزا ہوگی اس لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں اور یہ سب شہباز شریف کا پتا کاٹنے کیلئے ہو رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے اپنا علاج سکھر جیل کی کال کوٹھڑی میں کروایا، یہ نہیں کہ مقدمہ چل رہا ہے اور ہارلے سٹریٹ جا رہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہارلی سٹریٹ کلینک کے باہر سے کوئی خبرہی نہیں آتی، ہارلی سٹریٹ کے باہر ان کے مفرور بیٹے آکر بات کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت میں مریم نواز کو وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔ پہلے بھی شہباز شریف سے ہاتھ کرگئے، اعلان شہباز کا کیا وزیراعظم شاہد خاقان کو بنایا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کے ہاتھی کی طرح دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اورہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جیالے 25 جولائی کو پولنگ سٹیشنز پر رہیں تو فتح کے ڈھول بجاتے واپس آئیں گے۔