• news

نثار پہلا الیکشن اپنی چھاتی پر لڑنے جارہے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی، اسلام آباد (صباح نیوز+ آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دیکھوں گا چوہدری نثار بغیر بیساکھیوں کے کیسے الیکشن لڑتے ہیں، چوہدری نثار پہلا الیکشن اپنی چھاتی پر لڑنے جارہے ہیں، چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل بارے تھوڑے دنوں میں بتا دوں گا، میں اور چوہدری نثار سینئر پارلیمنٹیرین ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ہالے والا مخدوم بھی مرگیا، جبکہ سرگودھا والے انوار بھی۔ دو سیاسی لوگ مر گئے ہیں اور ابھی دو باقی رہ گئے ہیں۔ نثار نے واضح کیا کہ میں نے مسلم لیگ ن کا 34سال بوجھ اٹھایا ہے۔ لیکن میں اب کسی کی جوتیاں نہیں اٹھا سکتا۔ پارٹی ٹکٹ کیلئے کسی کا محتاج نہیں ہوں۔ انہوں نے بعض مواقع پرآزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے۔ علاوہ ازیں شیخ رشید احمد نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عملے کو ووٹر لسٹوں کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کریں تا کہ امیدوار الیکشن مہم اور الیکشن میں پولنگ ایجنٹس، پولنگ کیمپس کے لئے معاونین کی ذمہ دارایاں لگا سکیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے لئے جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ گذشتہ چار دنوں سے میرے ساتھی اور سٹاف الیکشن کمیشن سے ووٹر فہرستیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کامیابی نہیں ہوسکی، الیکشن کمشن نے بہت محنت کی ہے لیکن اب الیکشن میں دن ہی کتنے رہ گئے ہیں ابھی تک ووٹروں کی فہرستیں نہ ملنا مشکلات پیدا کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن