ٹرمپ نے ستمبر میں حکومت کو شٹ ڈائون کی دھمکی دیدی
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کا پورا بجٹ منظور نہیں کرتی تو وہ ستمبر کے مہینے میں فیڈرل حکومت کو شٹ ڈاؤن کر دیں گے۔دیوار کیلئے کانگریس کے ذریعے صرف 1.6 ارب ڈالر بجٹ کی منظوری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دیوار کی تعمیر کے لئے انہیں 25 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ تارک وطن بچوں کو والدین سے الگ کرنے کی پالسی 60 برس سے جاری تھی، میری بیٹی اور بیوی کو بچوں کی تصاویر دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔ اب غیر قانونی تارکین وطن کے بچے ساتھ رہیں گے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر تارکین وطن کے بچوں کو والدین سے جدا کرنے پر امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔