بحری وسائل کی تلاش میں پاک نیوی کا ساتھ دیا جائے: ظفر عباسی
کراچی (سٹاف رپورٹر) ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بحری وسائل کی تلاش میں پاک بحریہ کا ساتھ دیا جائے انہوں نے کہاکہ ہر سال 21 جون کو دنیا بھر میں ہائیڈرو گرافی (بحر پیمائی) کا عالمی دن منایا جاتا ہے جسکا مقصد انٹرنیشنل ہائیڈرو گرافک آرگنائزیشن کے کام کی موزوں تشہیر کرنا اور تمام ممالک کو اس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر کھلے سمندروں‘ بندرگاہوں اور دیگر محفوظ میرین علاقوں میں بلاخوف و خطر جہاز رانی کو فروغ دینے پر زور دینا ہے اس دن کیلئے ہر سال انٹرنیشنل ہائیڈرو گرافک آرگنائزیشن عالمی میری ٹائم اُمور میں ہائیڈرو گرافی کی خدمات سے متعلق مخصوص موضوع کا انتخاب کرتی ہے اور اس سال کا موضوع ’تہہ سمندر کی پیمائش‘ سمندروں اور بحری راستوں کے پائیدار حقائق کی بنیاد‘ ہے۔