بینظیر بھٹو عہد ساز شخصیت ، زندگی ملکی ترقی ، خوشحالی، استحکام کیلئے وقف کی : خواتین رہنما
لاہور (لیڈی رپورٹر) پاکستان اورعالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیربھٹو عہدسازشخصیت تھیں، ہمیشہ جرات وبہادری کا مظاہرہ کیا اور کبھی ڈکٹیٹر کے سامنے ہارنہیں مانی، انکی قربانیوں سے جمہوریت مضبوط ہوئی، اپنے نام کی طرح بینظیر شخصیت کی حامل تھیں۔ پیپلزپارٹی کی خواتین رہنماؤں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگومیںکیا۔ شعبہ خواتین پنجاب کی صدر ثمینہ گھرکی نے کہاکہ محترمہ چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں، والد کے نقش قدم پرچلتے ہوئے عملی سیاست میں آئیںانکی سیاسی تربیت چھوٹی عمر سے ہی شرع ہوگئی تھی۔ سابق رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک نے کہاکہ وہ بینظیر لیڈر، بینظیر ماں اور بینظیر بیوی تھیں، ہمیشہ عوامی خوشحالی اور پالستان کی مضبوطی کیلئے سرگرم رہیں۔ جہاںآراوٹو نے کہاکہ بہادر عورت تھیں جنہوں نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، وہ چھوٹے چھوٹے بچوںکوگودمیں اٹھائے عدالتوں میں پیشیاں بھگتتی اور جیل کے چکر کاٹتی رہیں۔ سابق رکن اسمبلی نجمی سلیم نے کہاکہ ہمیشہ پسماندہ طبقات کیلئے جدوجہد کی اورانہوںنے پاکستانی سیاست میںجمہوریت کیلئے جوجدوجہد کی اسکی مثال نہیںملتی۔ سابق رکن اسمبلی بیلم حسنین نے کہاکہ محترمہ مضبوط اعصاب کی مالک تھیں، مشکل زندگی گزارنے کے باوجود انکی طبیعت میں تلخی پیدا نہیں ہوئی، بچوںکی تربیت پر وہ بھرپور توجہ دیتیں۔ صغیرہ اسلام نے کہاکہ انہوں نے معزول نواز شریف کے ساتھ مل کر میثاق جمہوریت پر دستخط کئے، اگر انہیں شہید نہ کیا جاتا توملک کو درپیش مسائل کو اپنے حسن تدبر اور حسن بصیرت سے بہت جلدی حل کر لیتیں۔ ثمینہ گھرکی نے کہاہے کہ بینظیر بھٹو عظیم محب وطن خاتون لیڈر ہونے کے ساتھ ساتھ، مظلوموں، محکوموںاورپسے ہوئے طبقات کی امید تھیںان کی شخصیت سیاسی خواتین کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر نرگس خان، ناصرہ شوکت، صغیرہ اسلام، عذراشجاع سمیت متعدد خواتین عہدیداران موجود تھیں۔ تقریب میں بینظیربھٹوکے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیںاور کیک کاٹاگیا۔