سلمان رفیق نیب میں پیش زلفی بخاری والد سمیت پرسوں طلب
لاہور+اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر+نامہ نگار+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کو 25جون کو طلب کر لیا ہے۔ نیب کے انتہائی باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ زلفی بخاری کے ساتھ ان کے والد واجد بخاری کو بھی طلب کیا گیا ہے نیب نے زلفی بخاری کو ان کی 16آف شور کمپنیوں کے حوالے سے طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زلفی بخاری کو طلبی کے سمن موصول ہو گئے ہیں اب وہ اپنے وکلاءسے مشورے کے بعد نیب کے سامنے پیش ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ نیب ذرائع کے مطابق زلفی بخاری کے والد کو بھی ان آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ہی طلب کیا گیا ہے کیونکہ نیب کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق واجد بخاری کا بھی ان آف شور کمپنیوں سے تعلق ثابت ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نیب لاہور کے روبرو پیش ہو گئے۔ نیب لاہور نے خواجہ سلمان رفیق کو پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی میں شراکت داری کے حوالے سے طلب کر رکھا تھا۔ خواجہ سلمان رفیق اس سے قبل بھی نیب لاہور کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔ جو گزشتہ روز دوسری مربتہ نیب آفس پہنچے جہاں نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ان سے پیراگون ہاﺅسنگ سوسائٹی میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں سے متعلق مختلف سوالات کئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیب لاہور نے وزیر اعظم کے سابق سپیشل سیکرٹری فواد حسن فواد کو بھی آشیانہ اقبال سکینڈل کے حوالے سے طلب کر رکھا تھا۔ تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے فواد حسن فواد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی جی نیب خیبر پی کے امان اللہ خان کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا۔ نیب کے مطابق ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ اہلکاروں نے پشاور کارخانو مارکیٹ میں 48دکانیں غیرقانونی طور پر کرائے پر دیں۔ کرک کی تحصیل تخت نصرنی کے ٹی ایم اے اہلکاروں کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ٹی ایم اے اہلکاروں نے واٹر سپلائی سکیموں میں غیرقانونی ٹھیکے دئیے۔
نیب