نیازی‘ زرداری کی نالائقی پر کے پی کے‘ سندھ میں عوام نے انہیں مسترد کر دیا : شہبازشریف
لاہور (خبر نگار) محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف صوبوں اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے رہنماﺅں کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹکٹ ہر صورت صرف اور صرف میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں اور اس حوالے سے بورڈ کی سفارشات موجود ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ میرٹ، پارٹی ڈسپلن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفاداری کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے کے عوام مسلم لیگ (ن) سے والہانہ محبت کرتے ہیں، خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی نے پانچ سال میں خیبر پی کے کے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں۔ پنجاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔ یہاں سینکڑوں میگا پروجیکٹس لگائے ہیں۔ جن میں قوم کے اربوں روپے کی بچت کی۔ پنجاب میں ہر شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی جس کی تعریف کرنے پر عالمی ادارے بھی مجبور ہیں۔ آئندہ الیکشن میں اگر اللہ نے موقع دیا تو خیبر پی کے، سندھ اور بلوچستان کو بھی پنجاب جیسا بنا کر دکھائیں گے۔ آج اگر پورے ملک میں امن قائم ہے تو یہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی بہترین پالیسیوں کا مرہون منت ہے۔ ہم نے کراچی کی بد امنی کو امن میں بدلا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔ کراچی کا امن ہی سندھ سے مسلم لیگ ن کی جیت کی نوید ہے۔ ہماری حکومت کی وفاق اور پنجاب میں بہترین کارکردگی آئندہ الیکشن میں ہماری کامیابی کی دلیل بنے گی اور مسلم لیگ (ن) انشاءاللہ چاروں صوبوں سے جیتے گی۔ شہباز شریف کے آئندہ دورہ کراچی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے اجلاس میں موجود رہنما¶ں کو بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے بھی بتایا اور ان کی دعا¶ں پر شکریہ ادا کیا۔ این این آئی کے مطابق شہباز شریف سے خواجہ سعد رفیق اور رانا مشہود احمد نے ملاقات کر کے ناراض رہنما زعیم حسین قادری سے ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کے دوران زعیم حسین قادری کی انتہائی سخت پریس کانفرنس کے باوجود بردباری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ زعیم قادری مخلص کارکن اور مشکل وقت کے ساتھی ہیں۔ میرے دل میں ان کے لئے نرم گوشہ ہے، بیشک انہوں نے پریس کانفرنس میں بہت تلخ باتیں کی ہیں لیکن اگر انہیں اپنی غلطی کا احساس ہو جائے تو گلے لگانے کے لئے تیار ہوں۔
شہباز شریف