پاکستان سپر لیگ فور میں ایک ٹیم کم ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل ) کے اگلے ایڈیشن 2019ء میں ایک فرنچائزڈ ٹیم کم ہونے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے ۔ واجبات کی ادائیگی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائزڈ مالکان کو ڈیڈ لائن دینے کے علاوہ معاہدہ منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی لیکن اس کا فرنچائزڈ حکام پر کوئی اثر نہیں پڑا اور معاملات بدستور زیرالتواء ہیں۔ پی سی بی حکام تاحال اس فرنچائزڈ کا نام منظر عام پر لانے سے گریزاں ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 2018ء میں کو کئی ماہ گزر جانے کے باوجود لیگ کی ایک فرنچائزڈ ابھی تک چھ لاکھ ڈالرز کی نادہندہ ہے جبکہ متعلقہ فرنچائزڈ کے کھلاڑیوں کو ادا کی جانے والی رقم کا چیک بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول نہیں ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے امید ظاہر کی ہے کہ فرنچائزڈ جلد واجبات ادا کردے گی۔ ہم نے فرنچائزڈ کو ڈیڈ لائن نہیں دی ہے البتہ جلد ازجلد پیسے ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ امید ہے کہ فرنچائزڈ اپنے وعدے کی پاسداری کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزڈ کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ فیس اور معاہدے کی رقوم میں ادائیگی تاخیر کا شکار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح طور پر کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فرنچائز نے ادائیگی میں تاخیر کی ہے اگر یہ رقم ادا نہ کی تو 21دن کا نوٹس دے کر معاہدہ ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ بورڈ قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتاہے۔