• news

اداکارہ مہوش حیات پاکستانی فلم میں ’بینظیر بھٹو‘ بنیں گی

لاہور (کلچرل رپورٹر)مہوش حیات کا شمار پاکستان کی اچھی اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے اور اب وہ بہت جلد مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔بینظیر بھٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں اپنے مرکزی کردار کی تصدیق مہوش حیات نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرکے کی۔مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں ان کے ہاتھ میں بینظیر کی کتاب موجود ہے۔تصویر پر اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم نے شیشے کی چھتیں توڑ دی، ہم نے دقیانوسی خیالات کو بھی ہرایا، اور ہم تیار ہیں ایسے ہی ا?گے بڑھنے کے لیے۔اداکارہ نے بینظیر کی سوانح حیات میں کام کرنے کا اعلان سابق وزیر اعظم کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔مہوش نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے سیاست میں کبھی بہت زیادہ دلچسپی نہیں لی، البتہ وہ اس بات کو نظرانداز نہیں کرسکتی کہ بینظیر نے پاکستان میں خواتین کے مردوں کے برابر حقوق کے لیے بہت جدوجہد کی۔ بینظیر خواتین کے لیے امید ثابت ہوئی کہ ان کے لیے سب کچھ کرنا ممکن ہے۔اداکارہ نے اس پروجیکٹ کی تفصیلات تو شیئر نہیں کی، البتہ یہ ضرور بتایا کہ اس پر جلد کام کا آغاز ہو گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویب سائٹ کی نیوز کا سکرین شاٹ شیئر کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ بینظیر بھٹو کا کردار ادا کریں گی۔اس پر اداکارہ نے کہا تھا کہ ’بینظیر میری ہیرو ہیں، وہ ایک بہادر خاتون تھیں، جن سے بہت سے لوگ متاثر ہیں، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی اگر میں ان کا کردار ادا کرپاؤں۔واضح رہے کہ بولی وڈ انڈسٹری میں بھی بینظیر بھٹو کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ کیا گیا تھا، جس کے لیے روینہ ٹنڈن اور ودیا بالن کے نام سامنے آئے۔بینظیر بھٹو 2 بار پاکستان کی وزیر اعظم رہی تھیں، ان کی پوری زندگی نشیب و فراز کا شکار رہی، پہلے ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی تھی، جبکہ اس کے بعد وہ طویل عرصہ جلا وطن رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن