• news

بھارتی ائرلائن کے پائلٹ نے مسافروں کو جہاز سے نکالنے کیلئے اے سی تیز کر دیا

نئی دہلی(اے این این) ایک بھارتی ایئرلائن نے مسافروں کو 4 گھنٹے سے زائد تک انتظار کروانے کے بعد طیارے سے اترنے کا حکم دے دیا اور جب مسافر نہیں اترے تو جہاز کا ایئر کنڈیشن فل کردیا، جس سے کئی لوگوں کی حالت خراب ہوگئی۔نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کولکتہ سے بگڈوگرا (Bagdogra) جانے والی ایئر ایشیا کی پرواز کے لیے پہلے مسافروں کو ایئر پورٹ اور پھر طیارے میں تقریبا 4 گھنٹے تک انتظار کروایا گیا اور اس کے بعد حکم ہوا کہ جہاز سے اتر جائیں۔جب مسافروں نے جہاز سے اترنے سے انکار کیا تو طیارے کا اے سی فل کردیا گیا، جس کے باعث طیارے میں دھند جیسی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے کئی مسافروں کی طبیعت خراب ہوگئی۔طیارے میں سوار ایک مسافر دیپانکار رائے نے بتایا کہ عملے کا رویہ انتہائی غیر پیشہ وارانہ اور خراب تھا۔ان کا کہنا تھا، 'فلائٹ نے صبح 9 بجے روانہ ہونا تھا لیکن وہ آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی، بورڈنگ کے بعد ہمیں ڈیڑھ گھنٹے تک طیارے میں بھوکا پیاسا بٹھایا گیا، جس کے بعد پائلٹ نے تمام مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ جہاز سے نیچے اتر جائیں اور اس کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 'جب شدید بارش کی وجہ سے مسافروں نے جہاز سے اترنے سے انکار کیا تو کپتان نے اے سی کو فل کرکے چلا دیا، جس سے طیارے میں دھند جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور لوگوں کا دم گھنٹنے لگا، کئی خواتین نے قے کردی جبکہ بچوں نے رونا شروع کردیا۔دوسری طرف رابطہ کرنے پر ایئر لائن انتظامیہ نے اس بات کو تسلیم کیا کہ فلائٹ ساڑھے 4 گھنٹے تک تکنیکی وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم اے سی کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ معمول کی بات تھی اور مرطوب صورتحال میں اِسی طرح کیا جاتا ہے۔ایئرلائن نے یہ دعوی بھی کیا کہ مسافروں کو ریفریشمنٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متبادل انتظامات بھی کیے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن