یورپی یونین کی کاروں پر20 فیصد ٹیرف لگائیں گے: ٹرمپ کی دھمکی
واشنگٹن + دہلی + استنبول (اے ایف پی+ ایجنسیاں) ادھر ٹرمپ نے تمام یورپی یونین کی کاروں پر 20 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔ یورپی یونین نے امریکہ پر تجارتی رکاوٹیں ختم نہ کیں تو 20 فیصد ٹیرف لگا دیا جائے گا۔ بھارت بھی امریکی تجارتی پالیسی کے خلاف میدان میں کود پڑا، امریکی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا، 29 امریکی اشیا پر اضافی محصولات عائد کئے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے امریکہ سے درآمد کی جانے والی کئی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترکی نے اعلا ن کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فولاد اور المونیم پر محصولات لگانے کے جواب میں ایک ارب 80کروڑ ڈالر مالیت کے امریکی سامان پر ٹیکس لگائے گا۔ ادھر شمالی کوریا سے اب بھی خطرہ ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ہنگامی حالات میں توسیع کر دی۔ صدر ٹرمپ نے قانون پر دستخط کر دئیے جس میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی پالیسیاں اور جوہری ہتھیار امریکہ کیلئے خطرہ ہیں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایمرجنسی دس سال قبل صدر بش نے نافذ کی تھی میں اس میں ایک سال کی توسیع کرتا ہوں۔ ٹرمپ کچھ روز پہلے کہہ چکے ہیں کہ شمالی کوریا جوہری خطرہ نہیں۔