• news

دنیا پر بالادستی کے لئے صف بندیاں جاری‘ جوان اسلام اور نظریہ پاکستان سے رہنمائیں گے: نیول چیف

لاہور (خبر نگار) پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ جوان اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی اسلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں۔پاکستان نیو ی وار کالج لاہور میں کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر عباسی نے کورس کے شرکاء افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ علم کو قرآن و سنت کی روشنی میں بروئے کا ر لاتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کریں۔اس موقع پر نیول چیف نے پاکستان نیوی سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ سی پیک اور گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں لیکن ہمیں بحری وسائل سے استفادہ کرنے کا ادراک ہونا چاہئے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے کہا وسائل کے حصول اور دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے ملکو ں کے درمیان نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ اگر ہم میری ٹائم سیکٹرز کے وسائل کو ٹھیک طریقے سے استعمال کریں تو ہم اپنی جی ڈی پی کو تین گنا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہماری مستقبل قریب کی ترجیحات میں میری ٹائم سائنس اور ٹیکنالوجی پارک بنانا شامل ہے جو پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا پارک ہو گا۔اس موقع پر نیول چیف نے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن