• news

کلثوم کی طبیعت بہتر ہونے پر پاکستان واپسی کا فیصلہ کرینگے : نوازشریف

لندن (نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے آئے ہیں اور پاکستان ہی واپس جائیں گے۔ میری بیگم اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، جب سے یہاں آیا ہوں اہلیہ سے بات نہیں ہو سکی۔ اگلے چند روز میں کلثوم کی طبیعت بہتر ہو گی تو پاکستان جانے کا فیصلہ کریں گے۔ کیا ان حالات میں جب کلثوم وینٹی لیٹر پر ہیں تو پاکستان جانے کا سوچ سکتا ہوں؟ ان حالات میں سیاسی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ مجھے اہلیہ کو اس حالت میں چھوڑ کر پاکستان واپس جانا چاہئے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان واپس جا کر سیاست کروں گا۔ علاوہ ازیں ہارلے سٹریٹ کلینک کے باہر حسین نواز نے میڈیا کو کلثوم نواز کی حالت میں بہتری کے حوالے سے بتایا اور کہا کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اعضا معمول پر آنے میں وقت لگے لگا۔بیٹی مریم نواز نے قوم سے دعا کی اپیل کی۔ خواجہ آصف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ کلثوم نواز کی طبیعت سنبھلنے تک نوازشریف لندن میں رہیں گے۔ امید ہے نوازشریف جلد واپس جائیں گے۔ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے آیا تھا آج واپس پاکستان جارہا ہوں۔ افواہیں پھیلانے والوں کو اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے۔ کسی کے بارے میں کوئی منفی گفتگو نہیں کرنا چاہتا۔
نوازشریف/ خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن