• news

مفتی نور ولی کالعدم ٹی ٹی پی کے نئے امیر مقرر

لندن (صباح نیوز) کالعدم ٹی ٹی پی نے اپنے سربراہ ملا فضل اللہ کی امریکی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے نور ولی محسود کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ۔ملا فضل اللہ تیرہ جون کو امریکی ڈرون سے داغے جانے والے میزائل کا نشانہ بنے تھے۔ بیان کے مطابق کالعدم تنظیم کی رہبری شوریٰ نے کثرت رائے سے مفتی نور ولی محسود کا کالعدم ٹی ٹی پی کا مرکزی امیر اور مفتی مزاحم المعروف مفتی حفظہ اللہ کو نائب امیر مقرر کیا ۔نور ولی محسود کو رواں برس فروری میں خالد سجنا کی ہلاکت کے بعد حلقہ محسود کے شدت پسندوں کا امیر مقرر کیا گیا تھا۔ مفتی نور ولی سابق امیر بیت اللہ محسود کے قریبی ساتھی تھے اور ماضی میں تحریک کی اہم ذمہ داریاں سنبھالتے آ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چالیس سالہ مفتی نور ولی نے طالبان کی تاریخ پر ایک کتاب بھی تحریر کی تھی جس میں کئی اہم انکشافات جیسے کہ بےنظیر کے قتل میں ٹی ٹی پی کا ہاتھ اور فنڈنگ کہاں کہاں سے ہوتی تھی سامنے آئے ہیں۔نور ولی محسود جنوبی وزیرستان کے علاقے تیارزہ میں پیدا ہوئے اور وہ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور کراچی کے مختلف مدارس میں زیر تعلیم رہ چکے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جب پاکستانی افواج نے آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تو مفتی نور ولی محسود نے اس محاذ میں پاکستانی افواج کے خلاف لڑائی میں شرکت کی۔2014 ءمیں امریکی ڈرون نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سروکئی میں نور ولی محسود کے ایک ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا تھا تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے اور آٹھ طالبان مارے گئے تھے۔
نئے امیر

ای پیپر-دی نیشن