• news

فٹبال ورلڈ کپ میں سوئس کھلاڑیوں کا متنازع جشن

ماسکو(سپورٹس ڈیسک)سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑیوں گرینٹ شاکا اور شردان شکیری نے روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں سربیا کے خلاف گول سکور کرنے کے بعد اپنے جشن میں متنازع علامت بنا کر عالمی کپ میں ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا۔ سوئٹزرلینڈ نے سربیا کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ گرینٹ شاکا اور شردان شکیری نے ایک ایک گول کیا تھا۔دونوں کھلاڑی نسلا البانین ہیں لیکن سوئٹزرلینڈ میں پلے بڑھے ہیں اور سوئس ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں نے خوشی کے اظہار کے طور پر اپنے ہاتھوں سے دو سروں والی چیل کی علامت بنائی، ایسا ہی نشانہ البانیہ کے قومی پرچم پر بھی بنا ہوا ہے۔اس جشن سے سربین قوم پرستوں اور البانین نسل کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔شردان شکیری کوسوو میں پیدا ہوئے جو پہلے سربیا کا صوبہ تھا اور اس نے 2008 میں آزادی حاصل کی تھی۔سربیا کوسوو کی آزادی کو تسلیم نہیں کرتا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تنا رہتا ہے۔شاکا کے والدین کا تعلق بھی کوسوو سے ہے اور وہ نسلا البانین ہیں۔آرسینل کی جانب سے کھیلنے والے شاکا کے والد کوسوو کی آزادی کے حق میں مہم چلانے پر یوگوسلاویہ میں قید بھی رہ چکے ہیں۔شردان شکیری سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف خوشی کے اظہار کا ایک طریقہ تھا۔

ای پیپر-دی نیشن