کابینہ کمیٹی نے آئی جیز ‘ چیف سیکرٹریز کے تبادلوں پر اظہار تشویش نہیں ‘ رپورٹ طلب کی: ترجمان سینٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) سینٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روزسینٹ کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی کے اجلاس کی جاری ہونے والی خبر میں یہ لکھا گیا کہ ریگولیٹری اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے ماتحت ہونا چاہئے اور یہ کہ آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کے تبادلوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ کمیٹی نے آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کے تبادلوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے جبکہ کمیٹی نے ریگورلیٹری اتھارٹیزکے حوالے سے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ سینٹ نے اس پر واضح نقطہ نظر دیا ہوا ہے اور کمیٹی اس امر کی بھر پور حمایت کرتی ہے کہ ان اداروں کو متعلقہ وزارتوں کے ماتحت نہیں ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں اس بات کی تصحیح کی جاتی ہے کہ کمیٹی ریگولیٹری اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے تحت نہیں بلکہ خودمختار حیثیت میں کام کرنے کی حامی ہے تاہم کمیٹی نے پیمرا کے حوالے سے مفصل رپورٹ طلب کی ہے ۔کمیٹی نے اس حوالے سے ڈائریکشن دی ہے کہ ریگولیٹری اتھارٹیز کو متعلقہ وزارتوں کے ماتحت نہیں ہونا چاہئے۔ پیمرا جو وزارت اطلاعات کے ماتحت ہے اسے بھی متعلقہ وزارت سے نکال کر خود مختار کرنے کی سفارش کی ہے۔ جبکہ کمیٹی نے آئی جیز اور چیف سیکریٹرٹیز کے حالیہ تبادلوں پر تشویش کا اظہار نہیں بلکہ تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔