چک امرو : بھارت سے 11 سال بعد رہائی پانے والا محمد یاسین گھر پہنچ گیا
چک امرو+سیالکوٹ ( نامہ نگاران) غلطی سے ورکنگ باؤنڈری پار کرکے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے پر گرفتار پاکستانی گیارہ سال بعد رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گیا ۔ گھر پہنچنے پر اہل خانہ کی آنکھوں میں خوشی سے آنسو آگئے ۔عزیزوں نے پھولوں کے ہار پہنائے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے گاؤں چل کا 45 سالہ ایم یاسین گیارہ سال قبل غلطی سے ورکنگ باؤنڈری لائن عبور کرنے پر بھارتی سیکورٹی فورسزبی ایس ایف کے ہاتھ آگیا جنہوں نے اسے گرفتار کرکے جیل بھجوادیا۔اس دوران ایم یاسین گیارہ سال کے دوران بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رہا اور اب رہا ہونے پر اسے بھارتی حکام نے واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔سیالکوٹ ورکنگ بانڈری لائن کے چاروہ سیکٹر پر ایک روز قبل غلطی سے مقبوضہ جموں میں داخل ہونے والے 70سالہ سائیں خان کو بھارتی سیکورٹی فورسز نے پاک چناب رینجرز کے حوالے کردیا۔ گائوں نکھنال کا سائیں خان ایک روز قبل شام 7 بجے غلطی سے پاکستان چناب رینجرز کی شوکت شہید پوسٹ کے قریب ورکنگ بائونڈری لائن عبور کرگیا تھا جسے بھارتی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا اور اسے گزشتہ روز چاروہ سیکٹر کی دس ونگ پوسٹ پر بھارتی سیکورٹی فورسز نے پاکستان چناب رینجرز کے حوالے کردیا ۔ پاکستان چناب رینجرز نے سائیں خان کو اس کے ورثا کے حوالے کردیا۔