• news

پہلی ترجیح شفاف منصفانہ غیر جانبدارانہ انتخابات قوم کو مایوس نہیں کرینگے : حسن عسکری

لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے نگران حکومت کی پہلی ترجیح انتخابات کا منصفانہ، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انعقاد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا اور انشاءاللہ نگران حکومت اپنی قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھانے میں ضرور کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر جو قومی ذمہ داری ڈالی گئی ہے، اسے نبھانے میں قوم کو مایوس نہیں کریںگے۔ انہوں نے کہا نگران حکومت نے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے فرائض سرانجام دینے ہیں اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے ہیں اور اس حوالے سے نگران حکومت نے اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کردی ہے اور الیکشن کمشن کے ساتھ انتخابات کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا انتخابی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ضروری سہولت فراہم کریں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ووٹرز کو بھی پرامن اور آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دیں گے اور اس حوالے سے ہمارے اقدامات اور کارکردگی خود گواہی دے گی۔ انہوں نے کہا انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے لائحہ عمل بنالیا گیا ہے اور طے کردہ لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹرز کے لئے ساز گار ماحول یقینی بنائیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کے مواقع ملیںگے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے عوام کو سہولتوںکی فراہمی کے حوالے سے اپنے فرائض محنت اور دیانت سے ادا کریں۔ مزید برآں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے معروف صحافی محمد عظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حسن عسکری

ای پیپر-دی نیشن