پیپلز پارٹی متوسط طبقہ کو عزت دیتی ہے‘ زرداری‘ امیدواروں کے چناﺅ کیلئے لاہور پہنچ گئے
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی (خبر نگار+ آن لائن + سٹاف رپورٹر) پنجاب کی قیادت کی طرف سے امیدواروں کے چناﺅ میں کامیاب نہ ہونے کے بعد آصف زرداری مشکل ٹاسک کو حل کرنے کیلئے لاہور پہنچ گئے۔ آصف زرداری اسلام آباد میں پنجاب کی قیادت کےساتھ میٹنگ کے بعد لاہور پہنچے، قیام کے دوران آصف زرداری پنجاب کے ٹکٹ ہولڈر امیدواروں کا اعلان بھی کریںگے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کے انٹرویوزکرکے کے حتمی فہرست پارٹی قیادت کو بھیج دی ہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطہ پوٹھوہار میں اپنے امیدواروں کی حمایت کیلئے بھرپور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، تحریک انصاف سے ٹکٹ نہ ملنے والے اہم رہنما¶ں کی فہرست بھی طلب کر لی، ملک احسان بڈانا کی پارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے حلقہ میں اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دیں، گزشتہ روز پیپلزپارٹی اسلام آباد کے سینیئر نائب صدر ندیم ملک، حلقہ این اے 53کے امیدوار راجہ عمران اور ملک احسان بڈانا سے زرداری ہا¶س میں اہم ملاقات کی، اس دوران قمر الزمان کائرہ بھی موجود تھے، اس موقع پر اسلام آباد کے نائب صدر ملک ندیم کو خصوصی ٹاسک دیا کہ وہ راجہ عمران اشرف کی بھی انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں، اس موقع پر قمر الزمان کائرہ کو ٹاسک دیا کہ وہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما¶ں جو کہ ٹکٹ سے محروم ہو گئے ہیں انکی فہرست تیار کرکے بتائیں، پاکستان پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو کہ غریبوں اور مزدورں کی ہے کہ اس پارٹی میں متوسط طبقہ کی عزت کی جاتی ہے، آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں عام آدمی کو پارٹی میں شامل کرکے عوام کی خدمت پر مامور کیا جائے۔ علاوہ ازیں کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس بلاول ہاو¿س کراچی میں ہوا جس میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی،پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر ناراض اورباغی رہنماو¿ں کومنانے کے علاوہ سیاسی مخالفین کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے حربوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں انتخابات سے قبل مقبولیت سے متعلق بعض فرضی سروے کی اشاعت جیسی خلاف ورزی کی کوششوں کا نوٹس لیا گیا۔ اجلاس میں فریال تالپور، قائم علی شاہ، مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں انتخابات میں ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیئے انتخابی حکمت عملی پر غور و خوض کیا گیا اورانتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیئے جاری جوڑ توڑ اورسیاسی مخالفین کے پروپیگنڈے کے ازالے کے لیے تجاویز تیارکی گئیں۔ اجلاس میں بلاول بھٹو کو بتایا گیا مخالفین کے بڑے پیمانے پر پروپیگنڈے اور مخالفین کے دیگر ہتھکنڈوں کے باوجود پارٹی کی پوزیشن ملک بھرمیں مضبوط ہے۔ اجلاس میں قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی اس طرح کے ہتھکنڈوں کے خلاف شدید مزاحمت کرے گی اورمخالفین کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
زرداری/ بلاول