• news

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی نہتے شہریوں پر فائرنگ‘ 3 شہید بیسیوں زخمیق زبردست مظاہرے‘ موبائل انٹرنیٹ سروس بند

سرینگر(اے این این+ نیٹ نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔شہری ہلاکتوں پرفضا سوگوار،احتجاج اور جھڑپیں جاری۔ 13 افرادزخمی ،بشیر لشکری کا دست راست گرفتار، سرینگر میں انٹر نیٹ سروس بحال،بانہال تا بارہمولہ ریل سروس معطل ،شوپیاں اور حاجن میں بھارتی فورسز کے محاصرے،گھر گھر تلاشی کے دوران طوفان بدتمیزی،آنسو گیس کے شیل گھروں کے اندر پھینک دئیے گئے ،چار نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق انت ناگ میں 5 افراد کی شہادتوں پر وادی میں تیسرے روز بھی فضا سوگوار رہی ۔اس دوران زینہ کوٹ،شالہ ٹینگ،مصطفی آباد،ایچ ایم ٹی،ملورہ اور دیگر نواحی علاقوں میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے زندگی مفلوج‘ کاروباری و تجارتی مراکز کے علاوہ دکانیں اور مالیاتی ادارے بھی بندرہے،جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدرفت بھی مسدود ہوگئی،دن بھر لوگ داﺅد سلفی کے گھر کی طرف رخ کرتے ہوئے اور انکے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دیکھے گئے۔لوگوں کی بڑی تعداد نے شہداءکی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔اس دوران پلوامہ کے تلنگام علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اور عسکریت پسند ماجد منظور ڈار کی یاد میں پلوامہ میں بھی مکمل ہڑتال سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کے مطابق لشکر طیبہ کے کمانڈر بشیر لشکری کے قریبی ساتھی کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس کی شناخت سندیپ کمار شرما عرف عادل کے نام سے ہوئی ہے اور وہ وادی میں بنک فراڈ اور اے ٹی ایم چوری کرنے میں ملوث تھا۔ بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی صدر امیت شاہ نے 3 سال تک حکومت میں اتحادی رہی پی ڈی پی اور این سی کو چارج شیٹ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے 70 برسوں سے صرف لوٹ کھسوٹ کرکے ریاست کا بیڑہ غرق کر دیا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی کشمیر کو بھارت سے الگ ہونے نہیں دے گی چاہے اس کیلئے کسی بھی حد تک جانا پڑے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی‘ نیثشنل فرنٹ‘ تحریک مزاحمت‘ مسلم لیگ‘ مسلم کانفرنس‘ پیپلز لیگ‘ پیروان ولایت اور سالویشن موومنٹ نے ہلاکتوں کے جاری سلسلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سری گفوار جھڑپ کے دوران محمد یوسف راتھر نامی ایک عام شہری کو مار کر اور اس کی بیوی رفیقہ بانو کو زخمی کرکے بھارت کی جمہوریت کو ایک مرتبہ پھر داغدار بنا دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں برسرپیکار لشکر طیبہ چیف کمانڈر محمود شاہ نے کولگام میں ماجد زرگر اور عبدالشکور کے گھروں پر فورسز حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں۔ بھارت دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طورپر استعمال کر رہا ہے۔ وادی میں کشیدہ حالات کے بیچ بھارتی آرمی چیف نے مختصر دورہ کیا اور راج بھون سرینگر میں گورنر این این ووہرا سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست کی سلامتی صورتحال‘ دہشت گردی مخالف کارروائیوںاور امرناتھ جی یاترا کے احسن انعقاد کیلئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے ریاست کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے درکار اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بھارتی فوج نے شوپیاں میں پُرامن مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے ایک نوجوان شہید‘ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

کشمیر

ای پیپر-دی نیشن