• news

ترکی : طیب اردگان 53 فیصد ووٹ لیکر پھر صدر منتخب‘ پارلیمانی انتخابات میں بھی پارٹی کامیاب

استنبول (اے ایف پی) ترکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان کو پھر صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ ترک صدارتی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جس کے مطابق تقریباً 53فیصد ووٹ طیب اردگان نے حاصل کئے۔ ترک میڈیا کے مطابق اپوزیشن امیدوار محرم انجے 31فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ فتح کے بعد ریلی سے خطاب میں طیب اردگان کا کہنا تھا کہ عوام نے مجھے صدارت کے لئے مینڈیٹ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پر اعتبار بڑھانے کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ ترکی کے مقامی وقت کے مطابق پولنگ صبح 8بجے شروع ہوئی جو شام 5بجے تک بلاتعطل جاری رہی اور پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا۔ ترک سرکاری میڈیا کے مطابق انتخابات میں ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ 87فیصد رہا۔ پارلیمانی انتخاب میں بھی طیب اردگان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی فتح یاب رہی۔ پارلیمانی انتخاب کے لئے بھی ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے جس کے مطابق جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی 43فیصد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں۔
اردگان

ای پیپر-دی نیشن