چیمپئنز ٹرافی سے ایشین گیمزکیلئے اچھی تیاری کا موقع ملے گا: قاسم خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن قاسم خان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف کھیل کر ہمیں ایشین گیمز کے لیے اچھی تیاری کا موقع ملے گا۔ اپنے سے بہتر ٹیموں کے خلاف کھیل کر ہمیں اپنی خامیوں اور خوبیوں کا بہتر اندازہ ہو جائیگا اسکے بعد ہم ایشین گیمز کی تیاری زیادہ منظم انداز میں کر سکتے ہیں۔ ایشین گیمز میں اچھے نتائج پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے بھی ہم نے ٹیم کو تین ہفتے قبل ہالینڈ بھیج دیا تھا تاکہ کھلاڑیوں کو موسم اور ماحول سے ہم آہنگ ہونیکا مناسب وقت مل سکے۔ اس دوران ٹیم نے وہاں ٹریننگ کی پریکٹس میچز میں حصہ لیا ہم نے انتظامی لحاظ سے ٹیم کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنیکی ذمہ داری پوری کی ہے۔ پریکٹس میچوں کے نتائج اچھے تھے تاہم بھارت کے خلاف چار گول سے ہارنا تکلیف دہ ہے۔ دو کوارٹر پاکستان کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دو گول ہونے کے بعد کوچ کا گول کیپر کو باہر بلانا غلط فیصلہ تھا۔ گول کیپر کو باہر بلانا مارجن بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔