گیم آف تھرونز کا رومانوی جوڑا حقیقی زندگی میں ایک ہوگیا
لاس اینجلس (شوبز ڈیسک )شہرہ آفاق امریکی فنٹیسی ڈرامے ’گیم آف تھرونز‘ میں ایک دوسرے سے محبت کرنے والے جوڑے نے حقیقت میں شادی کرکے اپنی محبت کو لازوال بنادیا۔گیم آف تھرونز میں جون سنو کا کردار ادا کرنے والے برطانوی اداکار 31 سالہ کٹ ہیرنگٹن نے اسی ڈرامے میں یگرٹے کا کردار ادا کرنے والی 31 سالہ اداکارہ روز لیزلی سے شادی کرکے سکرین کی محبت کو حقیقت میں بدل دیا۔کٹ ہیرنگٹن اور روز لیزلی نے برطانوی ریاست سکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین کے معروف رائنے چرچ میں مقامی روایات کے مطابق شادی کی۔ گیم آف تھرونز کی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی جوڑے کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں۔شادی کی تقریب میں ’گم آف تھرونز‘ کی مکمل کاسٹ سمیت دونوں اداکاروں کے اہل خانہ، قریبی دوستوں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔دنیا بھر میں سیاست، سازشوں اور محبت کے نئے ٹرینڈ متعارف کرانے والے اس ڈرامے کے اداکاروں نے اگرچہ سادگی میں شادی کی، تاہم ان کی شادی میں ’گیم آف تھرونز‘ کی تھیم کی جھلک دکھائی دی۔
دونوں اداکاروں نے ڈرامے میں ایک دوسرے کے پریمی کا کردار ادا کیا، تاہم ڈرامے میں ان کے قبائل کے درمیان اختلافات کی وجہ سے انہیں ایک نہیں ہونے دیا گیا۔دونوں نے ڈرامے میں جہاں ایک دوسرے کے پریمی کا کردار ادا کیا، وہیں دونوں کو جنگجو کے طور پر بھی دکھایا گیا۔ڈرامے میں روز لیزلی چوتھے سیزن میں قتل کی جاتی ہیں، جس وجہ سے کٹ ہیرنگٹن کی محبت کی داستان مکمل نہیں ہوپاتی، لیکن حقیقی زندگی میں انہوں نے اپنی رومانوی داستان مکمل کرلی۔دونوں اداکاروں کے درمیان اگرچہ کئی سال سے محبت کی چہ مگوئیاں ہوتی رہیں، تاہم انہوں نے 2016 کے بعد سب کے سامنے ملاقاتیں کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔گزشتہ برس میں دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا تھا۔